دیوریا، 27؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )رام پور فیکٹری اسمبلی میں ایس پی امیدوار گجالا لاری کی حمایت میں منعقد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی کے کابینہ وزیر اعظم خاں نے کہا کہ اگر بادشاہ کو گدھاسے سبق حاصل کرنا پڑے تو بادشاہ کو عہدے سے ہٹ جانا چاہئے۔ اعظم خان نے مزید کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور امت شاہ کس طرح کی بات کر رہے ہیں۔ وہ گاؤں میں شمشان اور قبرستان اور عید و دیوالی میں بجلی آنے کی بات کر رہے ہیں۔ یہ کیسی بات ہے کہ اتنی چھوٹی بات اگر بادشاہ کرے تو یہ درست نہیں۔ آج آپ دیکھ رہے ہیں کہ ایک سادھوی کیسی بات کر رہی ہے یہ لوگ نفرت کی سیاست کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کواڑھائی سال پہلے میری کھوئی بھینسیں یادہیں لیکن کام کی بات نہیں یادہے۔امت شاہ یوپی کو شمشان اور قبرستان بننے کی بات کر رہے ہیں۔ہم لوگ ان سے بڑے ہندوستانی ہیں۔ہمیں بھی اپنی ماں یاد ہے ہم اپنے ملک کے بیٹے ہیں۔آج یوپی میں بی جے پی والے ہار رہے ہیں تو نفرت کی سیاست پر آ گئے۔ آپ لوگوں کو یاد ہے ایک پارٹی کی سربراہ کو لوگ بہن جی کہتے ہیں لیکن ہم انہیں ماں جی کہیں گے۔ ماں جی بی جے پی سے راکھی بندھوانے کی تیاری کر رہی ہیں۔۔ میں نے رام پورمیں باپو کے نام پر کئی کام کئے جتنے کام باپو کے نام پر رام پور میں ہوئے اتنے کہیں بھی نہیں ہوئے۔ اگر ماں جی کی حکومت آتی ہے تو وہ جوہر یونیورسٹی پر بلڈوزر چلانے کے لیے تیار ہو جائیں گی۔